کوالا لمپور (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ 10 سال قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والی ملائیشیا ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کے ملبے کی تلاش دوبارہ شروع کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پرواز ایم ایچ 370 ایک بوئنگ 777 طیارہ ہے جس میں 227 مسافر اور عملے کے 12 افراد شامل تھے یہ طیارہ 8 مارچ 2014 کو کولالمپور سے بیجنگ کے لیے روانہ ہوا تھا اور پر اسرار طور پر لاپتا ہوگیا تھا۔ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق طیارہ آخری مرتبہ آسٹریلوی شہر پرتھ سے مغرب میں بحر ہند کے اوپر دیکھا گیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ انتھونی لوک نے ایک کانفرنس میں کہا ہے کہ لاپتا طیارےکی تلاش دوبارہ شروع کرنے کے لیے اوشن انفنٹی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے اور اوشن انفنٹی کو طیارے کا ملبہ ملنے پر 7 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
پرواز میں 150 سے زائد چینی مسافر سوار تھے جن کے رشتہ داروں نے ملائیشیا ایئر لائنز اور بوئنگ ہوائی جہاز کے انجن بنانے والی کمپنی رولز روائس اور الیانز انشورنس گروپ سے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔
ملائیشیا ائیر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش کا کام فضائی تاریخ کے سب سے بڑے زیرِ آب آپریشنز میں سے ایک تھا اور اس میں آسٹریلیا، ملائیشیا اور چین جیسے ممالک شامل تھے۔
Leave a Reply