آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے کشمیر کونسل ای یو کے چیرمین علی رضا سید کی ملاقات

آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے کشمیر کونسل ای یو کے چیرمین علی رضا سید نے ملاقات کی ۔اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے علی رضا سید کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر اجاگر کرنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ اوورسیز کشمیری عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کر کے حمایت حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ بالخصوص برسلز جو کی یورپین یونین کا ہیڈ کوارٹر ہے وہاں علی رضا سید جیسے قائدین کئ ضرورت ہے جو اپنا سب کچھ تحریک آزادی کے لئے وقف کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے مگر اسے اس میں ناکامی ہو گی ۔انہوں نے شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسیر حریت رہنماؤں کو آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کرے اور بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے ۔اس موقع پر علی رضا سید نے

کہا کہ ہندوستان 5اگست 2019 کے اپنے فراڈ اقدامات پر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے مسلسل مقبوضہ کشمیرمیں مزید گھناؤنی چال بازیاں کررہا ہے اور جس کی تازہ مثال مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا ڈرامہ ہے،کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے عالمی برادری کشمیر یوں کے غصب شدہ حق خودارادیت کی بازیابی میں مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دے۔۔ سید علی رضا نے ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،حریت لیڈروں کی گرفتاریوں،گھرگھر چھاپوں اور نافذ کالے قوانین کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سپیکر اسمبلی لطیف اکبر وزیراعظم چوہدری انوارالحق ،،سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدراور دیگر سیاسی رہنماؤں کی طرف سے اسمبلی کے اندر اور اسمبلی سے باہر کشمیریوں کے حق میں مسلسل آواز بلند کرنے پر انھیں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسے مکار دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے پاکستان کی قوم اور حکومت و اوورسیز کشمیری کمیونٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام کی تحریک کی پشت پر ہیں۔ سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے فعال کردار اداء کرنے پر علی رضا سید اور ان کے ساتھ آئے ہوئے جرنلسٹ کو شیلڈ پیش کیں ۔