صدرزرداری کا جہاز سے اترتے ہوئے پاؤں فریکچر

دبئی :(ویب ڈیسک)صدر پاکستان آصف علی زرداری کا دبئی ایئرپورٹ پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ان کا پاؤں فریکچر ہوگیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دبئی ایئرپورٹ پر نجی دورے کے لئے پہنچے اور جہاز سے اترتے وقت توازن کھو بیٹھے۔

ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا کہ فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد زرداری صاحب کے پاؤں پر پلستر کر دیا اور مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق زرداری صاحب کو کم از کم چار ہفتے تک مکمل آرام کی ہدایت دی گئی ہے اور ان کا پلستر اس مدت کے دوران برقرار رہے گا تاکہ زخم جلد از جلد ٹھیک ہوسکے۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ان کے رہائش گاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

صدر زرداری دو روزہ نجی دورے پر دبئی پہنچے تھے جہاں ان کا ذاتی مصروفیات میں شرکت کا ارادہ تھا۔

تاہم اس حادثے کی وجہ سے ان کی سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں، اور معالجین نے انہیں آرام کرنے کی تاکید کی ہے۔

ایوان صدر کے مطابق زرداری صاحب کی صحت سے متعلق عوام کو باخبر رکھا جائے گا اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

دوسری طرف، زرداری کی دبئی روانگی کے بعد آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

اس تبدیلی سے ملکی امور میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا، اور گیلانی صاحب قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے نبھائیں گے۔

زرداری صاحب کے حادثے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہو کر اپنی معمول کی سرگرمیوں میں واپس آئیں گے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے